مصنف:محمدسعیدجاوید
قسط:97
حصہ چہارم
عمارات وتنصیبات
باب 1
ریلوے اسٹیشن
ریل کی گاڑی چلی تو اک مسافر نے کہا
دیکھنا وہ کون ا سٹیشن پر بیٹھا رہ گیا
بنیادی طور پر اسٹیشن ایک ایسے مقام کو کہا جاتا ہے جہاں گاڑی آ کر ٹھہرتی ہے کچھ مسافروں کو وہاں اتارتی ہے اور نئے جانے والوں اپنے ساتھ لیے ایک بار پھراپنے کبھی نہ ختم ہونے سفر پر روانہ ہو جاتی ہے۔ جذباتی طور پر اسٹیشن پر عموماً تین طرح کے افراد ہوتے ہیں، ایک وہ مسافر جو اپنوں سے آن ملتے ہیں اور میل ملاپ کی اس گھڑی سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں اور اپنی اس مسرت کا برملا اظہار کرتے ہوئے خوب ہنستے مسکراتے اور گلے ملتے ہیں جیسے ان کے برسوں کی جدائی کا روگ کٹ گیا ہو۔
جانے والے پردیسیوں نے بچھڑنا ہوتا ہے اس لیے وہ خود بھی افسردہ ہوتے ہیں اور اپنے ساتھ رخصت کرنے کے لیے آنے والوں کو بھی اداس کر دیتے ہیں۔ اس وقت ماحول پر چھائی ہوئی افسردگی پورے عروج پر ہوتی ہے جب روانگی کے وقت وہ دو چار قدم گاڑی کے ساتھ چلتے ہیں اور پھرآبدیدہ آنکھوں سے جانے والوں کو ہاتھ ہلاتے ہوئے الوداع کہتے ہوئے وہیں دیر تک کھڑے دور آنکھوں سے اوجھل ہوتی ہوئی گاڑی کو دیکھتے رہتے ہیں۔
کوئی تمہارا سفر پر گیا تو پوچھیں گے
کہ ریل گزرے تو ہم ہاتھ کیوں ہلاتے ہیں
وہاں کچھ اور بھی لوگ ہوتے ہیں جن کا ان آنے جانے والوں سے کچھ لینا دینا نہیں ہوتا، لیکن اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر یہ سب کچھ ہوتا ہوا دیکھ کر وہ کبھی خوشی کبھی غم کی کیفیت میں مبتلا رہتے ہیں۔
اسٹیشنوں کی اقسام
ایک روایتی ریلوے اسٹیشن پر چند چھوٹی اور ایک بڑی عمارت ہوتی ہے، کچھ پلیٹ فارم ہوتے ہیں، ایک پلیٹ فارم سے ریل کی پٹری کو عبور کرکے دوسرے پلیٹ فارم پر یا اسٹیشن سے باہر جانے کے لیے پیدل چلنے والوں کے لیے فولادی پل بنے ہوئے ہوتے ہیں، دور نگاہ دوڑائیں تو جگہ جگہ رنگ برنگے سگنل بلند کھمبوں پر بیٹھے اشارے بازیاں کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کے آس پاس ہی کہیں سگنل کیبن بھی ہوتا ہے جس کی کھڑکیوں میں سے ہر وقت کوئی نہ کوئی تانک جھانک کر رہا ہوتا ہے۔ ہر طرف محکمے کے کارندوں کی بھاگ دوڑ لگی رہتی ہے، اسٹیشن پر کام کرنے والا ہر شخص اپنے فرائض بخوبی سمجھتا ہے اور اس کے مطابق کام کرتا رہتا ہے لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو سمجھتے تو ہیں لیکن کرتے کچھ بھی نہیں۔محکمہ ریلوے کا بنیادی مقصد مسافروں کو آرام دہ اور محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انتظامی امور کے علاوہ مسافروں اور محکمے کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف نوعیت کے اسٹیشن بنائے جاتے ہیں۔ جن کی نوعیت کچھ اس طرح ہوتی ہے۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔