اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کے صدر اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے جعلی تصاویر اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ابتدائی طور پر 20 ایسے اکائونٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جن کے ذریعے یہ تصاویر اور ویڈیوز پھیلائی گئیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمات کا اندراج کرکے گرفتاریاں شروع کر دیں، تحقیقات کا دائرہ کار بھی وسیع کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور جے آئی ٹی میں شامل ہیں، جے آئی ٹی ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔