سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں سفاک ساس اور نندوں کے ہاتھوں حاملہ بہو کے قتل کی اصل وجہ سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق حاملہ خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان نے پولیس کو بتایا تھا کہ قتل جادو ٹونے کی وجہ سے کیا ہے۔ پولیس کی زیرحراست ساس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 'ہمارے خاندان میں جتنی اموات ہوئیں ہیں سب بہوکے جادو ٹونے کہ وجہ سے ہوئیں، ہمارے گھر کی اشیاء اکثر ٹوٹ جاتی تھیں'۔تاہم تفتیش کے دوران اِس انسانیت سوز قتل کے اصل محرکات سے جڑے ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایس ایچ او ملک توقیر کے مطابق 'ساس بہو کے درمیان جھگڑے بہت عرصہ پہلے شروع ہو گئے تھے اور ایک طرح سے دونوں کے درمیان ایک سرد جنگ چل رہی تھی۔ ابھی تک کی تفتیش میں جو باتیں سامنے آئی ہیں ان میں سوائے روایتی ساس بہو کے جھگڑوں اور حسد کے کوئی بڑی بات نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'زیادہ مسئلہ اُس وقت شروع ہوا جب مقتولہ بیرون ملک اپنے شوہر کے پاس چلی گئی۔ اس کے بعد بات اب قتل پر ختم ہوئی ہے'۔