لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز ٹوکے آغاز کی اصولی منظوری دے دی۔ کاشتکاروں کو فیز ٹو میں 628000کسان کارڈ کے ذریعے100ارب روپے کے قرض دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ زراعت سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس فیز ٹو کی منظوری دی گئی۔پوٹھو ہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت 500منی ڈیم اور250آبی ذخائر کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا اور کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100ارب روپے کے بلاسود لون دینے پراتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گرین ٹریکٹر، ماڈل ایگریکلچر،ٹیوب ویل سولرائزیشن،ایگری ایجویٹ،ویٹ پروگرام،سپر سیڈر،سٹرس،پوٹھو ہار،ایگری ٹرانسفارمیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گندم کے کاشتکار کوامدادی نرخ پر زرعی مداخل کی فراہمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فصل کی کاشت سے پہلے نیا پراجیکٹ دیں گے۔اجلاس میں گندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے ڈیزل،کھاد،بیج اورزرعی ادویات حاصل کرسکیں گے۔