سب سے نیا

لنکس

کشمور سے نکلنے والی پٹری پہلے میانوالی تک جاتی تھی ایک طرف ہرے بھرے کھیت کھلیان اور بڑے بڑے باغات تو دوسری طرف خوفناک صحرائی علاقے

2025-07-07     HaiPress

مصنف:محمدسعیدجاوید


قسط:179


ایم ایل 2 کا اگلا حصہ یعنی جیکب آباد۔ کشمور بھی سندھ لائٹ ریلوے کی نیرو گیج پٹڑی پر ہی مشتمل تھا۔ لہٰذا اس کو بھی براڈگیج میں تبدیل کر دیاگیا اور یوں کشمور تک یہ متبادل لائن یعنی ایم ایل2 مکمل ہو گئی تھی۔جیکب آباد اورکشمور کے درمیان عام سے صرف 3اسٹیشن ہی آتے ہیں، جن کے ناموں کا علم مقامی اور یہاں کے رہائشی لوگوں کو یا محکمہ ریلوے کو ہی ہو گا۔


کشمور


ریلوے کے حد تک تو کشمور ایک عام سا اسٹیشن ہے اور یہاں سے اب صرف ایم ایل 2 ہی گزرتی ہے۔ کشمور 2004ء سے قبل ضلع جیکب آباد کا ہی ایک چھوٹا سا قصبہ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز تھا تاہم پھراس کو ضلع کا درجہ دے دیا گیا۔اس کاضلعی صدر مقام کندھ کوٹ ہے۔ کشمور سندھ کا آخری ضلع ہے جس کی سرحدیں بیک وقت پنجاب اور بلوچستان سے ملتی ہیں۔ اس کو باب پنجاب بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہاں ضلع کی سطح کے تمام ادارے موجود ہیں۔یہاں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے تو ہیں مگر کوئی یونیورسٹی نہیں ہے البتہ ایک انجنیئرنگ انسٹیٹیوٹ قائم کیا گیا ہے۔


یہاں سے یہ ریلوے لائن اپنے سفر کے سب سے بڑے حصے یعنی پنجاب میں داخل ہوتی ہے موجودہ ایم ایل 2 کا تیسرا حصہ یعنی کشمور سے اٹک تک، سارے کا سارا پنجاب میں ہی آتا ہے۔اس دوران یہ جنوبی اور شمالی پنجاب میں سے گزرتی ہوئی اٹک تک اپنا سفر جاری رکھتی ہے۔ اس علاقے میں ریلوے لائن کا زیادہ تر حصہ پہلے سے ہی موجود تھا، اسی کی تجدیدِ نو کی گئی۔پرانی پٹریوں کوبدلا گیا، نئے سگنل سسٹم اور اسٹیشنوں کی ضروری مرمتیں کی گئیں۔ اور یوں یہ پٹری ایکسپریس گاڑیوں کی پوری رفتار کو سنبھالنے کے قابل ہو گئی۔


کشمور سے نکلنے والی یہ پٹری پہلے میانوالی تک جاتی تھی۔ یہ بلاشبہ جنوبی پنجاب کے انتہائی خوبصورت علاقوں میں سے گزرتی ہے جہاں ایک طرف تو ہرے بھرے کھیت کھلیان اور کھجوروں اور آموں وغیرہ کے بڑے بڑے باغات ہیں تو دوسری طرف خوفناک صحرائی علاقے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں یہاں غربت بہت ہے مگرلوگ حوصلے والے ہیں اور بڑی لگن ہمت اور محنت سے سخت حالات کا مقابلہ کرتے ہیں۔


ایم ایل2 کے پنجاب سے گزرنے والے راستے میں مندرجہ ذیل مشہور شہر، قصبے اورعلاقے آتے ہیں:


کوٹ مٹھن، آستا نہ خواجہ غلام فرید


ازلوں ڈاج ڈھیاون امڑی اکھیں نیراں نیراں


زیرا پار لویرا کیتا ایہناں کوٹ مٹھن دیاں تیراں


سندھ کے شہر کشمور سے نکلنے کے بعد پنجاب کا پہلا بڑا قصبہ کوٹ مٹھن آتا ہے۔ اس کا اسٹیشن کوئی ایسا قابل توجہ تو نہیں، چھوٹا سا اور قدرے غیر آباد سا لگتا ہے تاہم اس علاقے کی اہمیت کے پیش نظر کچھ دیر ٹھہر کر دیکھنا پڑے گا کہ یہاں ایسا کیا ہے کہ یہ علاقہ سارے پاک و ہند میں مشہور ہے۔ در اصل اس کے قرب و جوار میں ایک عظیم روحانی شخصیت کا دربار موجودہے اور جغرافیائی لحاظ سے بھی اس کی اہمیت کو نظراندازکرناممکن نہیں ہے۔


(جاری ہے)


نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈس کلیمر: اس مضمون کو دوبارہ پرنٹ کرنے کا مقصد مزید معلومات فراہم کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ ویب سائٹ اس کے خیالات سے متفق ہے اور نہ ہی یہ کوئی قانونی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس سائٹ پر موجود تمام وسائل انٹرنیٹ سے جمع کیے گئے ہیں اور صرف سیکھنے اور حوالہ دینے کے لیے شیئر کیے گئے ہیں اگر کوئی کاپی رائٹ یا دانشورانہ املاک کی خلاف ورزی ہو تو براہ کرم ہمیں ایک پیغام دیں۔
اوپر کی طرف واپس
جرنل آف کمپیوٹر سائنس      ہم سے رابطہ کریں   SiteMap