سورس: فائل فوٹو
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) کیا پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر ہو گیا ۔۔؟ سپیکر ملک احمد خان نے اہم تفصیلات شیئر کر دیں ۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کردیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس پہلے ہی دائر ہوچکا ہے، آج الیکشن کمیشن حکام سے کچھ اہم قانونی معاملات پر رائے لینا تھی۔ جو لوگ گالیاں دیں گے، توڑ پھوڑ اور ہلڑ بازی کریں گے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، پی ٹی آئی والوں نے فارم 47 کا تماشہ لگایا ہوا ہے۔ آئین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی، جو ارکان آئین کی پاسداری نہیں کرسکتے ان کو ہاؤس کا حصہ رہنےکاکوئی حق نہیں۔
خیال رہے کہ 27 جون کو اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔28 جون کو سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنےکا اعلان کیا تھا۔