اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پی ٹی آئی کی صوبائی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔’’جیو نیوز ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کی ابتدا ءاسیر رہنماؤں کے خطوط کو پڑھ کر کی گئی اور عامر ڈوگر نے اسیر رہنماؤں کے خط کو پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھا۔ علی محمد خان اور زرتاج گل نے حکومت سے مذاکرات کرنے پر زور دیا، علی محمد خان نے اسیر رہنماؤں کے خط کی تائید کی اورکہا کہ ہر صورت مذاکرات ہونے چاہیئں، راستہ بنائیں۔
ذرائع کے مطابق شاہد خٹک کا کہنا تھاکہ ہمیں بتایا جائے کہ ہماری پارٹی کے فیصلے کون کر رہا ہے، پولیٹیکل کمیٹی نے بجٹ پاس کرنے کا فیصلہ کیا تو سلمان اکرم راجہ نے ٹوئٹ کیوں کیا؟
پارٹی اجلاس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ ہمارا اختلاف اپنی جگہ مگر بانی پی ٹی آئی جب بھی کوئی حکم دیں گے اس پر عمل ہوگا۔