راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے جنوبی افریقہ کے ایئر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوستانہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایئر چیف نے جنوبی افریقی ایئر فورس کی فضائی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک فضائیہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لیفٹیننٹ جنرل وائزمین مبامبو نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقی ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے انجینئرنگ انفراسٹرکچر اور تکنیکی مہارت کی تعریف کی اور جنوبی افریقا کے سی 130 طیاروں کی جانچ اور مرمت پاکستان سے کروانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔