اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور چینی کی ممکنہ برآمد کے حکومتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عام آدمی پر مزید معاشی بوجھ قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ اس کا براہِ راست اثر مہنگائی میں اضافے کی صورت میں عوام پر پڑ رہا ہے۔
میاں رؤف عطا نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں پہلے ہی مہنگائی سے ستائے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا اور اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور ضرورت پڑنے پر قانونی چارہ جوئی بھی کی جا سکتی ہے۔