سورس: Wikimedia Commons
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو ٹیلی فون کر کے زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کو ختم کریں اور ایران پر حملے کی دھمکیوں سے باز رہیں۔ ’’سی این این‘‘ نے یہ خبر ایک ایسے ذریعے کے حوالے سے دی ہے جو اس گفتگو سے واقف ہے۔ یہ کال پیر کے روز ہوئی، جس کے بعد ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں اسے’’بہت اچھی، بہت ہموار‘‘ قرار دیا۔
تاہم ’’سی این این‘‘ کے مطابق اس کال کے دوران ٹرمپ نے واضح انداز میں نیتن یاہو سے کہا کہ وہ ایران پر حملے کے بیانات اور ایسی اطلاعات کو روکیں جن میں اسرائیل کی ممکنہ فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کی بات کی جا رہی ہو۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی کوشش کر رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے لیے حماس کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں مصروف ہے۔
اس دوران ٹرمپ انتظامیہ ابراہیمی معاہدوں کو وسعت دینے کی کوشش میں بھی مصروف ہے، جو ان کے پہلے دور صدارت میں اسرائیل، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش کے درمیان تعلقات کی بحالی پر مشتمل تھے۔ تاہم سعودی عرب نے واضح کر دیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کی تسلیم شدہ حیثیت اور دو ریاستی حل کے بغیر اسرائیل سے تعلقات معمول پر نہیں لائے گا۔