بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )اسپین کے معروف سیاحتی شہر بارسلونا میں بالکونیوں اور عوامی گزرگاہوں کی جانب کھلنے والی کھڑکیوں میں کپڑے سکھانے پر پابندی ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ مقامی بلدیہ نے حالیہ دنوں اس پر سختی سے عمل درآمد شروع کیا ہے، جس کے بعد شہریوں میں بے چینی اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ قانون دراصل 1998 میں منظور ہوا تھا اور 1999 سے نافذ العمل ہے، جس کے تحت عوامی منظر میں کپڑے سکھانے کو شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں 750 یورو تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
شہری حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ بلدیہ کو اس قانون پر نظر ثانی کرنی چاہیے، یا کم از کم چھوٹے گھروں میں رہنے والے افراد کے لیے نرمی برتنے کے امکانات پر غور کرنا چاہیے۔