مکہ مکرمہ(محمد اکرم اسد / ڈیلی پاکستان آن لائن) مناسک حج کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، عازمین حج آج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے منیٰ روانہ ہوں گے۔
عازمین حج آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔