اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صارفین کے لیے مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق کارپوریشن کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورزپردستیاب اپنے برانڈ کے خالص مصالحہ جات جن میں سرخ مرچ، ہلدی، دھنیا، زیرہ، دارچینی، کالی مرچ، بڑی و سبز الائچی اور لونگ شامل ہیں، قیمتوں میں 5 سے 105 روپے فی پیک تک کمی کی گئی ہے۔
مثال کے طور پر سرخ مرچ 200 گرام کی قیمت 165 سے کم ہو کر 130 روپے، دھنیا 200 گرام 174 سے 140 روپے اور گرم مصالحہ 50 گرام 152 سے کم ہو کر120 روپے کردی گئی ہے۔
ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر تمام ضروری اشیائے خورونوش بلا شرط اورآسانی سے دستیاب ہیں۔