اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف کارروائی کے دوران بھارت اپنا ہی نقصان کروا بیٹھا جس کے بعد جنگ بندی کی کاوشیں شروع ہوگئیں تاہم اب اس سلسلے میں پاک فضائیہ کے آپریشن کے تفصیلات سینئر صحافی اعزاز سید سامنےلے آئے ہیں۔
روزنامہ جنگ کے لیے انہوں نے لکھا کہ "’مار دو، انہیں مار دو، پاکستان کی حدود میں ایک انچ بھی داخل نہ ہونے دو‘ — یہ الفاظ تھے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے جو ریڈیو پر براہِ راست 15 اسکواڈرن کے پائلٹس سے مخاطب تھے ، وہی یونٹ جس کی وہ کبھی خود قیادت کر چکے تھے، جب یہ پائلٹ 7 مئی کی علی الصبح دشمن کا مقابلہ کرنے فضا میں بلند ہو چکے تھے۔
محض 5 سے 6 گھنٹوں میں پاکستانی فضائیہ نے 26 اہداف کو نشانہ بنایا جن میں 15 فضائی اڈے شامل تھے جو بھارت کی جانب سے PAF کے 3اڈوں پر کیے گئے حملے کا جواب تھا، ہر مشن ٹیک آف سے لے کر ہدف تک میزائل فائر اور محفوظ واپسی ائیر چیف مارشل سدھو خود کمانڈ سینٹر سے مانیٹر کرتے رہے۔
اس کارروائی میں صرف فضائی حملے نہیں بلکہ سائبر، اسپیس اور الیکٹرانک وارفیئر کی تکنیکس بھی شامل تھیں جن کے ذریعے بھارتی مواصلاتی نظام، ٹارگٹنگ سسٹمز اور وارننگ نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ذرائع کے مطابق یہ تمام سرگرمیاں تینوں افواج کی مشترکہ ہم آہنگی کے تحت نہایت مربوط انداز میں انجام دی گئیں۔
پاکستان ائیر فورس نے اپنی درست نشانہ بازی، قیادت اور عملی مہارت کے ذریعے نہ صرف اپنی اسٹریٹیجک برتری کو ثابت کیا ہے بلکہ چینی ساختہ لڑاکا طیاروں کی جنگی صلاحیت کو ایک نئی پہچان دی ہے۔اس عمل کے ذریعے اس نے عالمی عسکری ہوا بازی میں طویل عرصے سے قائم مغربی اور امریکی اجارہ داری کو چیلنج کیا ہے اور ایک ابھرتے ہوئے ایرو اسپیس نظام کو نیا رنگ، نیا اعتماد، اور نئی ساکھ عطا کی ہے"۔