اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے افغان حکومت سے جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث کرداروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ ملک سے باہر دہشت گردوں کا پلان تھا، افغان حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے، افغان حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کی جانب دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے، بھارت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین‘ کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا ہے۔