لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سرور روڈ کینٹ کے علاقے میں ہائیکورٹ کے جج کے نائب قاصد نے گولی مار کر خود کشی کرلی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جسٹس جواد حسن کے نائب قاصد حسنین نے سحری کے بعد پولیس اہلکار سے رائفل لی اور خود کو کمرے میں بند کرکے گولی مارلی۔
پولیس کے مطابق حسنین جسٹس جواد حسن کے ساتھ 12سال سے کام کررہا تھا، حسنین کمالیہ کا رہائشی تھا اور اس کا ایک بیٹا ڈیڑھ سال پہلے جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ دو بچے معذور ہیں، وہ اسی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
جسٹس جواد حسن راولپنڈی بینچ میں تعینات ہیں، واقعے کے وقت وہ گھر میں موجود نہیں تھے اور اطلاع ملنے پر راولپنڈی سے لاہور پہنچے۔
دوسری جانب پولیس نے نائب قاصد کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔