سنچورین(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ میچ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا، 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہوم ٹیم نے 3 وکٹوں پر 27 رنز بنالیے جسے جیت کیلئے مزید 121 رنز درکار ہیں جبکہ قومی ٹیم فتح سے 7 وکٹیں دور ہے۔سپر سپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش سے متاثر رہا، جہاں کھیل کا آغاز وقت پر نہ ہوسکا تھا، تاہم بارش تھمنے کے بعد پاکستان نے 88 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔کھیل کا آغاز ہوا تو بابر اعظم اور سعود شکیل نے نہ صرف جنوبی افریقہ کی برتری ختم کی بلکہ 4 سے زائد کی اوسط کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا جہاں دونوں بیٹرز کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔