کراچی (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی حکام سے ملاقات کر کے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کا دبنگ مؤقف دہراتے ہوئے واضح کیا کہ ہمیں کوئی ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، اگر اس کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن ہے تو سامنے رکھا جائے۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز" کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیئنر سپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے انکشاف کیا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز دبئی گئے جہاں انہوں نے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں مصروف دن گزارا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے ون آن ون ملاقاتیں کیں، چیئرمین پی سی بی سی ای او آئی سی سی جیف ایلاڈائز اور دیگر حکام سے ملے لیکن لاہور میں پی سی بی کے کئی افسران ان کی دبئی روانگی سے لاعلم ہیں۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لیے 100 روز قبل شیڈول کا اعلان کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں 90 روز باقی رہنے کے باوجود آئی سی سی نے تاحال چیمئنز ٹرافی کا شیڈول جاری نہیں کیا۔