پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور ہائیکورٹ نے حیات آباد سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے حیات آباد سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر وفاقی سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے ملک میں آزاد ادارے کوئی نہیں ہیں، نادرا نے آنکھیں بند کی ہیں، چیف جسٹس نےاغوا میں ملوث پولیس اہلکارکی شناخت کے بعد کیس دوسری عدالت منتقل کیا۔
جسٹس اعجاز انور نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا آپ نے ایس ایچ او سے تفتیش کی ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مجھے جو دو ویڈیوز دی گئی ہیں، اس میں یہ گاڑی نہیں دیکھی۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے تفتیشی افسر کو ایس ایچ او کو تفتیش میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔