اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ ججز کی تعداد بڑھا کر 23کرنے کیلئے ن لیگ کے دانیال چودھری کا نجی بل قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کردیا گیا،دانیال چودھری کا نجی بل گزشتہ روز قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں تھا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بل کے اغراض و مقاصد میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ ججز کی تعداد میں اضافہ کیسز التوا کے باعث ضروری ہے،ججز بڑھنے سے کیسز کی بروقت سماعت اور فیصلوں کو یقینی بنایاجا سکے گا، سائبر کرائم، ماحولیاتی قوانین، عالمی تجارت کے کیسز میں ماہرین کی ضرورت ہے، بل میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے ججز کی تقرری سے درست فیصلہ سازی ہو سکے گی،ججز کی تعداد بڑھانے سے کسی جج پر غیرضروری دباؤ میں کمی ہو گی۔