اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، دہشتگردی کی حالیہ لہر میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔