اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے جشن آزادی کے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، ملک کے مختلف مقامات پر 14 سے 18 اگست تک طوفانی بارشوں کی توقع ہے، ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے ایک اور موسلا دھار اسپیل کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔
جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق یوم آزادی کی شام سے لے کر 18 اگست تک بارشیں متوقع ہیں ۔بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہونگی جبکہ مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونگی۔14 اگست سے 18 اگست کے دوران اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔