اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آئینی بنچ میں مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کیس سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ میرے لئے تمام ججز قابل احترام ہیں، میرا بنچ کے کسی ممبر کے وقار پر بھی کوئی سوال نہیں، میرے 11رکنی بنچ کی تشکیل پر آئینی و قانونی اعتراضات ہیں،جسٹس امین الدین نے کہاکہ واضح کردوں کہ دونوں ججز نے خود بنچ سے علیحدگی اختیار کی،2ممبران کی خواہش پر 11رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوزکے مطابق سپریم کورٹ آئینی بنچ میں مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 11رکنی بنچ سماعت کررہا ہے،وکیل حامد خان نے کہاکہ میں نے عدالت میں 3درخواستیں دائر کی ہیں،جسٹس امین الدین نے کہاکہ آپ کی درخواست ابھی عدالت تک نہیں پہنچی،جسٹس امین الدین نے حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ رجسٹرارآفس سے درخواستوں بارے پتہ کریں۔